BNNBalochistan Urdu news

پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں سعود شکیل ٹائمڈ آؤٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں ٹائمڈ آؤٹ ہوگئے، یوں وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے 7ویں کھلاڑی بن گئے۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل کے دوسرے روز سعود شکیل اسٹیٹ بینک کی طرف سے کھیلتے ہوئے پی ٹی وی کے خلاف ٹائمڈ آؤٹ ہوئے۔

دراصل، پی ٹی وی کے باؤلر محمد شہزاد نے پہلی گیند پر اسٹیٹ بینک کے عمر امین اور دوسری گیند پر فواد عالم کو آؤٹ کیا تو اس کے بعد بیٹنگ کے لیے سعود شکیل کو آنا تھا جو شاید اتنی اچانک انٹری کے لیے تیار نہیں تھے جس کی وجہ سے انہیں کریز تک آنے میں وقت لگا۔

تاہم، جیسے ہی انہوں نے کریز سنبھالی تو مخالف ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے امپائر سے اپیل کردی اور امپائر نے 3 منٹ کے اندر کریز تک نہ پہنچنے کے باعث سعود شکیل کو ٹائمڈ آؤٹ قرار دے دیا۔

بعد ازاں، عرفان خان نیازی بیٹنگ کے لیے آئے اور محمد شہزاد نے انہیں بھی آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، یوں اسٹیٹ بینک کے 128 پر ایک آؤٹ سے لے کر صرف 3گیندوں کے اندر اندر 128 پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

یوں، پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں پی ٹی وی کی جانب سے 3 گیندوں پر 4 کھلاڑی آؤٹ کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا گیا۔

اس سے قبل، انٹرنیشنل لیول پر آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے کے دوران سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز ورلڈکپ کی تاریخ میں ’ٹائمڈ آؤٹ‘ ہونے والے پہلے کھلاڑی بنے تھے۔

2023 کے میگا ایونٹ میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھارتی شہر نئی دہلی کے ارون جیٹلے کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں، اس دوران جب شکیب الحسن نے سماراوکراما کو آؤٹ کیا جو باؤنڈری لائن کے قریب محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اینجلو میتھیوز نے میدان میں آنے کے دوران کچھ زیادہ وقت لیا اور پھر ان کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا۔ جیسے ہی انہوں نے نئے ہیلمٹ کے لیے ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کیا تو شکیب الحسن اور بنگلہ دیشی ٹیم نے ’ٹائمڈ آؤٹ‘ قرار دیے جانے کی اپیل کردی جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.