BNNBalochistan Urdu news

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پریس سیکرٹری شیخ رزاق پر جانبداری کے الزامات

 ویب رپورٹ

کوئٹہ میں صحافی برادری کی جانب سے یہ الزام سامنے آیا ہے کہ میر سرفراز بگٹی کے پریس سیکرٹری شیخ رزاق ملاقاتوں اور سرکاری امور میں پسند و ناپسند کی بنیاد پر فیصلے کر رہے ہیں۔

متعدد صحافیوں کا کہنا ہے کہ حالانکہ شیخ رزاق ماضی میں خود بھی صحافت سے وابستہ رہ چکے ہیں، تاہم منصب سنبھالنے کے بعد انہوں نے پیشہ ورانہ توازن برقرار نہیں رکھا۔

الزام ہے کہ وزیر اعلیٰ سے ملاقاتوں کی فہرست میں صرف من پسند افراد کے نام شامل کیے گئے، جبکہ کئی سینئر صحافیوں، خصوصاً بین الاقوامی اداروں سے وابستہ نمائندوں کو نظر انداز کیا گیا۔

کچھ صحافیوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس طرزِ عمل سے نہ صرف پیشہ ورانہ ماحول متاثر ہو رہا ہے بلکہ حکومت اور میڈیا کے درمیان اعتماد کی فضا بھی کمزور ہو سکتی ہے۔

صحافی تنظیموں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے شخص کو فوری طور پر اس عہدے سے ہٹایا جائے جو منصب کی نزاکت اور میڈیا کے ساتھ متوازن روابط کی اہمیت کو برقرار نہ رکھ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے دفتر کو تمام صحافیوں کے ساتھ مساوی اور شفاف رویہ اپنانا چاہیے تاکہ اطلاعات کی فراہمی اور عوامی آگاہی کا عمل متاثر نہ ہو۔

تاحال وزیر اعلیٰ ہاؤس یا شیخ رزاق کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.